پاکستان اور رومانیہ سرمایہ کاری اور تجارتی راستوں کو وسعت دینے پر متفق

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری اور رومانیہ کے سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے بندرگاہی تعاون، تجارتی تعلقات اور میری ٹائم شعبے میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر بحری امور نے کہا کہ کراچی پورٹ اور رومانیہ کے کانسٹانسا پورٹ کو جوڑنے سے تجارتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور پاکستان جلد 6 فعال بندرگاہوں والا ملک بن کر یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کرے گا۔

ملاقات میں میری ٹائم تربیت، بندرگاہوں کی سکیورٹی اور ڈیجیٹل لاجسٹکس میں تعاون کو بھی فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ رومانیہ کے سفیر نے پاکستانی زرعی اور سپورٹس مصنوعات میں دلچسپی ظاہر کی، جبکہ دونوں فریقین نے سرمایہ کاری، نئے تجارتی راستوں اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔