ناران(رم نیوز) گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جس سے بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے سوات، دیر اور کالام کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی، جبکہ اپر ہزارہ میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری نے سردی مزید بڑھا دی۔ ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں 2 سے 3 انچ تک برف پڑی۔مظفرآباد سے وادی نیلم تک بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔