اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دہشت گردی کی روک تھام سے متعلق مذاکرات کا تیسرا دور آج استنبول میں ہوگا۔ ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں جنگ بندی کے نفاذ کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی اور ایک نگرانی و تصدیقی نظام قائم کرنے پر اتفاق متوقع ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مطالبہ واضح ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، امید ہے طالبان دانش مندی سے امن کے لیے اقدامات کریں گے۔ذرائع کے مطابق افغان وفد میں انٹیلی جنس چیف عبدالحق واثق، نائب وزیر داخلہ رحمت اللہ نجیب، سفیر سہیل شاہین، انس حقانی اور عبدالقہار بلخی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو دوحہ میں جنگ بندی معاہدے کے بعد ترکیہ اور قطر کی کوششوں سے دونوں ممالک دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئے ہیں۔