کراچی(رم نیوز) 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اہم اجلاس آج کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کو آئینی ترامیم سے متعلق حکومتی ڈرافٹ پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے ترمیم سے متعلق پانچ مرکزی تحفظات کا اظہار کیا ہے، جن میں صوبوں کے حصے کو 57 فیصد سے کم نہ کرنے، صوبائی خودمختاری برقرار رکھنے اور پورے ملک میں یکساں نصاب کی تجویز کو مسترد کرنے کے نکات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں 224 ووٹ درکار ہیں، جبکہ حکومتی اتحاد کو پیپلز پارٹی سمیت 237 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ مسلم لیگ (ن) 125، پیپلز پارٹی 74، ایم کیو ایم 22، ق لیگ 5 اور آئی پی پی 4 ارکان کے ساتھ اتحاد میں شامل ہیں۔ اپوزیشن بینچوں پر 89 ارکان موجود ہیں جن میں 75 آزاد اور جے یو آئی (ف) کے 10 ارکان شامل ہیں۔