ایم کیو ایم کا 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی اختیارات شامل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(رم نیوز)ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اختیارات شامل کیے جائیں۔ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں 7 رکنی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، جاوید حنیف، امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے بلدیاتی ترمیمی مسودے کو 27ویں ترمیم میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اس مسودے کی مکمل حمایت کا عندیہ دیا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کے بعد بتایا کہ وزیراعظم نے 27ویں ترمیم پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا ہے اور بلدیاتی اختیارات سے متعلق مکمل مشاورت بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت رواں ماہ ہی 27ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔