ترکیہ و آذربائیجان کی یکجہتی پر اظہارِ تشکر، دشمن کے 7 جنگی طیارے مار گرائے:وزیراعظم شہباز شریف کا باکو میں خطاب

باکو (ر م نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف ترکیہ اور آذربائیجان کے اظہارِ یکجہتی پر پاکستان ان برادر ممالک کا تہہ دل سے مشکور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے۔

آذربائیجان کے یومِ فتح کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدر الہام علیوف کی دعوت پر تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، تینوں ممالک نے بارہا اپنی دوستی اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کی فتح آزادی، عزم اور حوصلے کی علامت ہے، پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کے منصفانہ مؤقف کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف برادر ممالک کی حمایت قابلِ تحسین ہے، "افواجِ پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیے اور 7 جدید جنگی طیارے گرائے۔"

شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کی فتح کشمیر اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے جو اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کی قیادت میں کاراباغ کی بحالی کے منصوبوں کو بے مثال قرار دیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاک،بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کیا اور پاک-افغان مذاکرات کی میزبانی کی۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کی دوستی اور یکجہتی کا یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔