اسلام آباد (رم نیوز)تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان نے 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اس حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کو خط لکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کی جانب سے لکھے جانے والے خطوط میں آئینی ترمیم کے اثرات پر غور و مشاورت کی درخواست کی جائے گی۔ یہ خطوط نواز شریف، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ارسال کیے جائیں گے۔
تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے 27ویں ترمیم پر اپوزیشن کا مشترکہ مؤقف طے کرنے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنما ترمیم سے متعلق اپنے سیاسی اور آئینی نکات پر مشاورت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کا مؤقف ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم سے آئینی اداروں کے اختیارات اور توازن میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں، لہٰذا اس اہم معاملے پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ناگزیر ہے۔