اسلام آباد (رم نیوز)وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت بندرگاہوں پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں پورٹ قاسم پر شدید رش کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر نے ہدایت کی کہ چینی اور سیمنٹ کے آپریشنز کو بہتر بنایا جائے تاکہ بندرگاہوں پر پیدا ہونے والا رش کم ہو۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کی اُترائی روزانہ ساڑھے چار ہزار ٹن کی بندرگاہ کی صلاحیت کے مطابق کی جائے اور جہازوں کی برتھنگ "پہلے آؤ، پہلے پاؤ" اصول کے تحت یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں وزارتِ بحری امور، وزارتِ تجارت، ٹی سی پی، بندرگاہوں کے حکام اور سیمنٹ برآمد کنندگان کی ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ وزارتِ بحری امور کو تمام ادارے کارگو شیڈول سے بروقت آگاہ رکھیں اور مؤثر رابطے اور نظم و ضبط کے ذریعے بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔مزید یہ کہ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر غور کیا جا رہا ہے کہ چینی کی ساٹھ فیصد درآمد گوادر پورٹ کے ذریعے کی جائے تاکہ پورٹ قاسم پر دباؤ کم ہو۔