پاکستان نے چھٹی بار ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں کویت کو 43 رنز سے شکست

ہانگ کانگ (رم نیوز)پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں قومی ٹیم نے کویت کو 43 رنز سے شکست دی۔ پاکستان سب سے زیادہ مرتبہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے، جبکہ آخری بار گرین شرٹس نے 2011 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

کویت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، جہاں قومی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی 52 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، عبدالصمد نے 42 اور خواجہ نافع نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دی تھی جبکہ کویت نے انگلینڈ کو 37 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔