سینیٹ کا اجلاس آج، 27ویں آئینی ترمیم پیش کیے جانے کا امکان

اسلام آباد(رم نیوز) سینیٹ کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کی رپورٹ اور بل پیش کیے جائیں گے۔ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک ایوان میں رپورٹ پیش کریں گے جبکہ وزیر قانون ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

ترمیمی مسودے میں 49 شقوں میں ترامیم شامل ہیں، جن میں آئینی عدالتوں کے قیام، زیر التوا مقدمات کے فیصلوں کی مدت 6 ماہ سے بڑھا کر ایک سال کرنے اور ایک سال تک پیروی نہ ہونے کی صورت میں مقدمہ نمٹا ہوا تصور کرنے کی شقیں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے کمیٹی اجلاس کا بائیکاٹ کیا جبکہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان خیبر پختونخوا کا نام تبدیل کرنے اور بلوچستان میں نشستوں کے اضافے سے متعلق تجاویز پر مشاورت جاری ہے۔ ان ترامیم پر حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔