سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم منظور

اسلام آباد(رم نیوز)سینیٹ نے دو تہائی اکثریت سے 27ویں آئینی ترمیمی بل منظور کرلیا، جس کے تحت آئینی عدالت کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی۔ ایوان نے بل کی 56 شقوں اور 3 شیڈولز کی منظوری دی۔

ترمیم کے حق میں 64 ارکان نے ووٹ دیا، جن میں پیپلز پارٹی کے 25، ن لیگ کے 20، 6 آزاد، ایم کیو ایم کے 3، اے این پی کے 3، باپ پارٹی کے 4 اور ق لیگ کے ایک سینیٹر شامل تھے۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے احمد خان نے بھی ترمیم کی حمایت کی، جبکہ پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل، ایم ڈبلیو ایم اور جے یو آئی ف نے مخالفت کی۔

منظوری کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ اور احتجاج کیا، ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ ترمیم تمام جماعتوں کی مشاورت سے تیار ہوئی ہے اور آئینی عدالت کا قیام میثاقِ جمہوریت کا بنیادی نکتہ تھا۔