وانا میں کیڈٹ کالج پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 2 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

راولپنڈی(رم نیوز)جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے دھماکا خیز گاڑی کے ذریعے کالج کے مرکزی گیٹ پر دھاوا بولا، جس سے گیٹ منہدم اور قریبی انفراسٹرکچر متاثر ہوا، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 3 دہشتگرد کالج کے اندر داخل ہو گئے جنہیں انتظامی بلاک میں محصور کر لیا گیا۔ حملہ آور افغان طالبان کے زیر اثر اپنی قیادت سے رابطے میں تھے۔ترجمان نے کہا کہ دہشتگرد 2014 کے اے پی ایس حملے جیسی کارروائی دہرانا چاہتے تھے تاکہ قبائلی نوجوانوں میں خوف پیدا کیا جا سکے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ افغانستان میں موجود دہشتگردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ویژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔