صدر زرداری کا پولینڈ کے یومِ آزادی پر پاک فضائیہ کی ترقی میں پولش ماہرین کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(رم نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پولینڈ کے یومِ آزادی پر پاک فضائیہ کی ابتدائی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے پولش انجینئروں، پائلٹوں اور ٹیکنیشنز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر نے پولینڈ کے عوام کو 107 ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات 1962 سے باہمی احترام اور تعاون پر قائم ہیں، جو تجارت، دفاع، تعلیم اور ثقافت تک وسیع ہو چکے ہیں۔آصف علی زرداری نے جولائی 2025 میں وارسا میں منعقدہ سیاسی مشاورت کے نویں دور کو سراہا اور کہا کہ توانائی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پولینڈ کے عوام کی خوشحالی و فلاح کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔