اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اگر افغان حکومت ٹی ٹی پی اور دیگر شدت پسند گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امن و استحکام پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان ہی علاقائی رابط، ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔
شہباز شریف نے اقتصادی اصلاحات، خواتین و نوجوانوں کے بااختیار بنانے، ایس ایم ایز کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مالیاتی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں آسانی کے اقدامات جاری ہیں۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس میں دانشمندانہ گفتگو امن اور مشترکہ ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرے گی۔