کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، تمام خوارج ہلاک، 650 افراد بحفاظت ریسکیو

وانا(رم نیوز)سیکیورٹی فورسز نے کیڈٹ کالج وانا پر ہونے والا دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا۔ تمام حملہ آور خوارج کو کارروائی کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ 525 کیڈٹس سمیت 650 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک خودکش بمبار کے علاوہ چار دہشت گردوں کو آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔ کالج کی عمارت کو بارودی مواد کے خدشے کے پیش نظر کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔ خوش قسمتی سے آپریشن کے دوران کسی طالب علم یا استاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گزشتہ روز بارود سے بھری گاڑی کالج کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں گیٹ تباہ اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے خوارج کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ وہاں سے ٹیلی فون کے ذریعے ہدایات حاصل کر رہے تھے۔