انقرہ(رم نیوز)ترک فضائیہ کا سی۔130 فوجی طیارہ آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے میں سوار تمام 20 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ترک خبر ایجنسی کے مطابق طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ جا رہا تھا کہ روانگی کے کچھ ہی دیر بعد سرحدی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں ایک تقریب کے دوران واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی-130 کارگو طیارہ آذربائیجان سے واپس آرہا تھا کہ سرحدی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کرتے ہیں۔ترک کمیونیکیشنز ڈائریکٹر برہانیتن دوران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حادثے سے متعلق مصدقہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔