سری لنکن ٹیم نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا

کولمبو(رم نیوز)سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے دورہ پاکستان کو جاری رکھنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ سری لنکن کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ ادھورا چھوڑنا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سیکیورٹی میں اضافے کی یقین دہانی کے بعد ٹیم نے دورہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی شرکت نہ کرنا چاہے تو متبادل کا بندوبست کیا جائے گا۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ٹیم کو مکمل سیکیورٹی کی ضمانت دی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ شیڈول کے مطابق کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جب کہ سیریز کے بعد سہ ملکی ٹورنامنٹ بھی پاکستان میں ہوگا۔