آئی ایم ایف سے پاکستان کو اگلے ماہ 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملنے کا امکان

اسلام آباد(رم نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے قرض کی اگلی قسط کی منظوری کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر دیے جانے کی توقع ہے، جس میں 1 ارب ڈالر ای ایف ایف قرض اور 20 کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کے تحت ہوں گے۔ متوقع ہے کہ رقم 9 دسمبر کو پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو جائے گی، جس کے بعد دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 3.3 ارب ڈالر ہو جائیں گی۔

اجلاس سے قبل پاکستان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ گورننس اور کرپشن ڈائیگناسٹک رپورٹ (GCD) شائع کرے گا، جو ای ایف ایف پروگرام کے لیے کلیدی شرط ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اختلافات دور ہو گئے ہیں اور رپورٹ بورڈ اجلاس سے قبل شائع کر دی جائے گی۔