آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد(رم نیوز)آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف آرمی ایکٹ ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے۔ایجنڈے کے مطابق خواجہ آصف پاکستان ایئرفورس ایکٹ ترمیمی بل اور پاکستان نیوی آرڈیننس ترمیمی بل بھی منظوری کے لیے پیش کریں گے، جبکہ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل ایوان میں لائیں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی ان تمام بلوں کی منظوری پہلے ہی دے چکی ہے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔27ویں آئینی ترمیم کے بعد قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ 2025 کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، اور اس نوٹیفکیشن کے بعد ان کی مدتِ ملازمت دوبارہ سے شروع ہوگی۔

ترمیمی ایکٹ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری سٹرکچرنگ اور انضمام کریں گے۔ وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کا تقرر کریں گے، جن کی مدتِ ملازمت 3 سال مقرر ہوگی اور اسی مدت کے لیے دوبارہ توسیع دی جا سکے گی۔آرمی ایکٹ میں یہ بھی شامل ہے کہ 27 نومبر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔