وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ کی ملاقات، متعدد ایم او یوز پر دستخط

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کی ملاقات میں معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور سٹریٹجک و اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے کی صورتحال، عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون، اور غزہ کے مسئلے پر حالیہ پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ شاہ عبداللہ نے فلسطین کے معاملے پر اردن کی حمایت کرنے پر پاکستان کی تعریف کی، جبکہ دونوں ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر وزرا شریک تھے۔ اس موقع پر میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے اور وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔