وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد پر رائے شماری آج، پیپلز پارٹی کی کامیابی کا دعویٰ

مظفرآباد(رم نیوز)آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج دوپہر 3 بجے قانون ساز اسمبلی میں ہوگی۔ تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کی حمایت میں 35 سے زائد ارکان کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) بھی تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرے گی، تاہم حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔ ن لیگ کے مطابق وہ ایوان میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔تحریک عدم اعتماد 14 نومبر کو جمع کرائی گئی تھی۔ وزیراعظم انوار الحق کو پہلے استعفیٰ دینے کا پیغام بھیجا گیا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریک پیش کی۔

آزاد کشمیر اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے حالیہ ہفتوں میں فارورڈ بلاک اور اتحادی ارکان کی شمولیت کے بعد سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔ موجودہ صورتِ حال میں انوار الحق گروپ کے پاس صرف 7 ارکان رہ گئے ہیں۔