11ویں این ایف سی ایوارڈ کا ابتدائی اجلاس ایک بار پھر مؤخر، معاشی ترقی کا ہدف کم کر دیا گیا

اسلام آباد(رم نیوز)تین ماہ قبل تشکیل دیے گئے 11ویں این ایف سی ایوارڈ کا ابتدائی اجلاس ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا، 18 نومبر کی مجوزہ تاریخ بھی مؤخر ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ مرکز اور صوبوں کے سیاسی معاملات پر ہم آہنگی پیدا ہونے کے بعد ہی این ایف سی پر باضابطہ مذاکرات شروع کیے جائیں۔

این ایف سی ایوارڈ 22 اگست کو تشکیل پایا تھا مگر اس کا پہلا اجلاس کئی بار ملتوی ہو چکا ہے۔ اسی دوران موجودہ مالی سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف 0.7 فیصد کم کرکے 3.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔2009 میں جاری ہونے والا ساتواں این ایف سی ایوارڈ اب تک برقرار ہے، حالانکہ اس کی آئینی مدت 5 سال تھی۔ وزارت خزانہ، مسلح افواج اور آئی ایم ایف سمیت مختلف حلقے اس ایوارڈ پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، تاہم آئین کے مطابق کسی صوبے کا حصہ کم نہیں کیا جا سکتا اور نیا ایوارڈ چاروں صوبوں اور مرکز کے اتفاقِ رائے سے ہی طے پاتا ہے۔