اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنجز کو نظرانداز کیا گیا تو ملک کو سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں منصوبہ بندی اور آبادی کنٹرول پائیدار معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں۔
پاپولیشن کونسل کی تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی مسائل اور غربت میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، جبکہ وسائل کی دستیابی آبادی کے حجم کے مطابق ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان کی موجودہ جی ڈی پی گروتھ آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے، جبکہ 2.55 فیصد آبادی کی سالانہ شرحِ نمو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں جن میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع سب سے زیادہ متاثرہ ہیں۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف نقل مکانی کے باعث کچی آبادیاں بڑھ رہی ہیں جہاں صاف پانی، صحت اور بچوں کی نشوونما جیسے مسائل شدید ہوتے جارہے ہیں۔
محمد اورنگزیب کے مطابق موسمیاتی تبدیلی بھی ایک بڑا خطرہ ہے، اور پاکستان سیلاب اور خشک سالی جیسی آفات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ماحول دوست معیشت کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے معیشت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام اور اسٹرکچرل ریفارمز پر عملدرآمد ملکی معیشت میں بہتری لا رہا ہے۔