راولپنڈی(رم نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا جواب وہی ہوگا جو مئی میں دیا گیا تھا۔ ایوانِ صدر میں اردن کے شاہ عبد اللہ دوم کے ظہرانے کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ نے پاکستان کو سر بلند کیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اور کام اللہ تعالیٰ کے احکامات اور دینی ہدایات کے مطابق کرتے ہیں۔گفتگو کے دوران انہوں نے غزوہ اُحد اور قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب مسلمان اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو دشمن پر پھینکی گئی مٹی بھی اس کے لیے میزائل بن جاتی ہے۔
ظہرانے کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل کے درمیان طویل گفتگو ہوئی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو، برطانوی ہائی کمشنر اور امریکی سفیر بھی موجود تھے۔