کراچی(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے اپ گریڈ کی گئی شالیمار ایکسپریس اور کراچی کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش منصوبے کا افتتاح کردیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سٹیشن کی جدید سہولیات، فرسٹ کلاس و اکانومی کو نئے معیار کے مطابق بنایا گیا ہے اور شالیمار ایکسپریس کو عملاً نئی ٹرین کا روپ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مسافروں کیلئے انتظار گاہ، ڈائنگ روم اور خودکار ٹکٹنگ سسٹم کو سراہتے ہوئے ریلوے کو آؤٹ سورس کرنے کے عمل کو کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن کے لیے ضروری فنڈز فوری فراہم کیے جائیں گے اور جلد وسطی ایشیا تک روٹ بحال کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ کینٹ سٹیشن کی اپ گریڈیشن قلیل عرصے میں مکمل ہوئی اور ریلوے میں گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اہم اصلاحات کی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ریلوے منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کراچی میں ٹرانسپورٹ سہولیات بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔