بھارت پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے والا تھا، میں نے جنگ رکوا دی: ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے قریب تھا، تاہم ان کی بروقت سفارتی کوششوں نے ممکنہ تصادم کو رکوا دیا۔ ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنی مدتِ صدارت میں دنیا بھر میں آٹھ بڑی جنگیں رکوانے کا کردار ادا کیا، جن میں پاک بھارت کے درمیان ممکنہ نئی جنگ بھی شامل تھی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت اب مثبت اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے جلد خاتمے کی امید بھی ظاہر کی اور کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ تنازع اس قدر طویل ہوجائے گا۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور صدر ٹرمپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بعدازاں پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا کہ محمد بن سلمان ان کے دیرینہ دوست ہیں اور ان کا امریکا آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ کے دوران امریکہ معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی کم ترین سطح پر لائی گئی ہے اور پٹرولیم و گیس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرچکا ہے۔