واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے لیے 142 ارب ڈالر مالیت کے بڑے دفاعی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سعودی عرب امریکا سے جدید اسلحہ اور عسکری ساز و سامان خریدے گا۔وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دفاعی معاہدے میں ایف-35 سٹیلتھ لڑاکا طیاروں کی فراہمی شامل ہے، جب کہ سعودی عرب تقریباً 300 جدید ٹینک بھی حاصل کرے گا۔
امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان سول نیوکلیئر تعاون کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے، جس کے ذریعے دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو نئی سطح تک لے جائیں گے۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں نے کریٹیکل منرلز فریم ورک پر دستخط کیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس فریم ورک کا مقصد اہم معدنیات کی سپلائی چین کو محفوظ بنانا اور مستقبل میں عالمی سطح پر معدنی وسائل کی کمی سے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانا ہے۔ یہ سمجھوتا اس سلسلے کی کڑی ہے جس کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ عالمی سپلائی چینز کو مضبوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ امریکا اور سعودی عرب نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تاریخی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کے تحت سعودی عرب کو جدید امریکی اے آئی ٹیکنالوجیز تک رسائی فراہم کی جائے گی۔دریں اثنا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب امریکا میں سرمایہ کاری کو بڑھا کر ایک کھرب ڈالر تک لے جائے گا۔