واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار نکالنے کے قریب تھے، تاہم انہوں نے فوری مداخلت کر کے ممکنہ جنگ کو روک دیا۔ سعودی بزنس فورم سے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ تنازعات حل کرنے میں ماہر ہیں اور اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے سامنے 350 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی، جس پر دونوں ممالک نے تناؤ کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو واضح طور پر کہا کہ ایٹمی حملوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس کے تباہ کن اثرات عالمی سطح پر محسوس ہوں گے۔
امریکی صدر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں فون کر کے ممکنہ جنگ رکوانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے لاکھوں زندگیاں بچ گئیں۔ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی انہیں فون کر کے جنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اپنی تقریر میں ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ سعودی ولی عہد کی درخواست پر وہ سوڈان کے تنازع پر کام شروع کریں گے۔ ان کے مطابق سوڈان کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی تھی اور اب امریکا اس مسئلے پر فعال کردار ادا کرے گا۔