فیصل آباد(رم نیوز)ملک پور کے علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ قریبی گھروں اور فیکٹری کی چھتیں بھی گر گئیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ اب تک 16 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ خدشہ ہے کہ مزید لوگ ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریبی گھروں کی چھتیں منہدم ہوئیں جبکہ زخمی 3 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔