پشاور(رم نیوز)پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد سے متعلق مختلف درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نے امن جرگہ میں شرکت کے بعد افراد کے لاپتہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرگے میں شرکت کرنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری ہے۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سماعت کی جس میں امن جرگہ میں شرکت کے بعد لاپتہ ہونے والے محمد ناظیف اور دیگر افراد کے کیسز پر پیش رفت پیش کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ جرگہ میں شرکت کے لیے آنے والے لوگوں کو واپسی پر اٹھا لیا جائے؟۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اگر مہمانوں کی حفاظت نہیں کی جاسکتی تو انہیں بلایا کیوں جاتا ہے؟ عدالت نے کہا کہ امن جرگے میں آنے والے تمام شرکاء کو تحفظ فراہم کرنا وزیراعلیٰ کا بنیادی فریضہ ہے۔بعد ازاں عدالت نے مجموعی طور پر چھ درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا اور کیس میں پیش رفت کے لیے سی سی پی او پشاور سے رپورٹ بھی مانگ لی۔