لاہور(رم نیوز)حکومتی اقدامات کے باوجود پنجاب میں فضائی آلودگی کی صورتحال بہتر نہ ہو سکی اور آج ایک بار پھر لاہور کو صوبے کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں ایئر پارٹیکیولیٹ میٹر کی سطح 414 ریکارڈ کی گئی جو شہریوں کی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ صوبے کے دیگر شہر بھی آلودگی کی زد میں ہیں، خانیوال میں PM کی مقدار 412، فیصل آباد میں 354 اور ملتان میں 342 ریکارڈ کی گئی۔
عالمی فضائی معیار کے مطابق بھی لاہور کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ورلڈ ایئر کوالٹی انڈیکس میں شہر کو 330 AQI کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 450 پارٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فضائی آلودگی میں کمی نہ آئی تو شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔