پاکستان کی پہلی شہید خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختیار کی دسویں برسی

لاہور(رم نیوز)پاکستان کی پہلی شہید خاتون فائٹر پائلٹ فلائنگ افسر مریم مختیار کی دسویں برسی آج ملک بھر میں احترام اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مریم مختیار 18 مئی 1992 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، آرمی پبلک سکول ملیر سے تعلیم حاصل کی اور فٹبال میں نمایاں کارکردگی کے باعث نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں بلوچستان یونائیٹڈ کی نمائندگی کی۔

سال 2014 میں انہوں نے پاک فضائیہ میں بطور گریجویٹ کمیشن حاصل کیا اور 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس کا حصہ بنیں۔ وہ پاک فضائیہ کی جانباز خواتین پائلٹس میں شمار ہوتی تھیں۔24 نومبر 2015 کو میانوالی کے قریب تربیتی پرواز کے دوران طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔ مریم مختیار نے شہری آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے جہاز کا رخ غیر آباد علاقے کی جانب موڑ دیا، مگر اسی کوشش کے دوران وہ جامِ شہادت نوش کر گئیں اور دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون فائٹر پائلٹ کا اعزاز پایا۔

مریم مختیار کو ان کی بہادری کے اعتراف میں تمغۂ شجاعت سے نوازا گیا۔ قوم آج اس نڈر بیٹی کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔