اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری سرکاری وفد کے ہمراہ برطانیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وفد انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کی 34ویں اسمبلی اور کونسل کے انتخابات میں حصہ لے گا۔ وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان خطے میں بحری سرمایہ کاری اور تجارت کا مرکز بننے کا خواہاں ہے اور اس کے لیے پورٹ انفراسٹرکچر اور سمندری معیشت کی مضبوطی نہایت ضروری ہے۔
جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آئی ایم او کونسل ممبرشپ سمندری سیکیورٹی، بحری ماحولیاتی تحفظ اور عالمی میری ٹائم پالیسی میں مؤثر کردار کے لیے اہم ہے۔ آئی ایم او کونسل کے انتخابات 28 نومبر کو ہوں گے جن میں پاکستان کیٹیگری سی کی نشست کے لیے مقابلہ کرے گا۔وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ اور عالمی بحری امور میں اپنا کردار مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔