بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 22 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(رم نیوز)سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ خوارج گروہ کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے اطلاع ملنے پر علاقے کا گھیراؤ کیا، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ شدید مقابلے میں 22 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے کو کلیئر کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے اور غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جدوجہد میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔