اے ٹی سی کی بروقت مداخلت،اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی ایئرلائن طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی ایئرلائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ممکنہ بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو بند رن وے پر اترنے سے روک دیا۔

سعودی ایئرلائن کی پرواز 728 جدہ سے اسلام آباد پہنچی تھی، تاہم طیارے کے پائلٹ نے لینڈنگ اپروچ غلطی سے رن وے 28 لیفٹ پر بنائی، جو مرمت کے باعث مکمل طور پر بند تھا۔ ایئرپورٹس اتھارٹی پہلے ہی رن وے 28 لیفٹ کی بندش اور 28 رائٹ کے استعمال سے متعلق نوٹم جاری کر چکی ہے۔ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر پائلٹ کو غلط رن وے کی نشاندہی کی، لیکن پائلٹ آخری لمحات تک یہی سمجھتا رہا کہ وہ درست لینڈنگ کر رہا ہے۔ عین وقت پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کو لینڈنگ سے روک کر گو اَراؤنڈ کی ہدایت دی۔ دوسری کوشش میں بوئنگ 777 طیارہ درست رن وے 28 رائٹ پر بحفاظت اتر گیا۔

واقعے کے وقت بند رن وے پر متعدد گاڑیاں اور عملہ موجود تھا، جس کے باعث لینڈنگ کی صورت میں سنگین حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ طیارے میں سیکڑوں مسافر سوار تھے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔