قومی سلامتی اولین ترجیح، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رہے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی(رم نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پاک فوج وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملکی، علاقائی اور اندرونی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو سرحد پار دہشتگردی، ہائبرڈ خطرات، سمگلنگ، منشیات کے انسداد، خطرناک جرائم کے خلاف اقدامات اور غیر ملکیوں کی واپسی کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ورکشاپ کے وفد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر شہری کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، خفیہ ادارے اور دیگر متعلقہ ادارے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ قومی وحدت ہی قوم کی اصل طاقت ہے اور دشمن کے تمام مذموم عزائم کو مل کر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ پاک فوج ان مقاصد پر کسی بھی صورتحال میں سمجھوتہ نہیں کرے گی اور امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں انتہائی اہم ہیں۔