اسرائیل غزہ سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلا کرے:پاکستان کا مطالبہ

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا ضروری ہے اور جنگی جرائم پر اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جارحیت میں دسیوں ہزار فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ فائر بندی کے باوجود اسرائیلی حملے وقفے وقفے سے جاری ہیں۔

فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور عام شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے غیر قانونی اسرائیلی آبادکاریوں کو امن کی بڑی رکاوٹ قرار دیا، جبکہ صدر نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

پاکستان نے ایک بار پھر 1967 کی سرحدوں پر مبنی، القدس الشریف کو دارالحکومت رکھنے والی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کیا۔