کراچی: گٹر میں گرنے والا 3 سالہ بچہ لاپتہ، شہری سراپا احتجاج

کراچی (رم نیوز)شہر کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب رات کے وقت کھلے مین ہول میں گرنے والا 3 سالہ ابراہیم 12 گھنٹے گزرنے کے باوجود نہیں ملا۔ شہری شدید غصے میں آ کر سڑکیں بلاک کر دیں اور احتجاج کیا۔واقعے کے مطابق بچہ اپنے والد کے پیچھے آتے ہوئے مین ہول میں گر گیا، جہاں ڈھکن موجود نہیں تھا۔ ریسکیو اہلکار متعدد مقامات پر کھدائی کر کے تلاش کر رہے ہیں، تاہم مشینری اور متعلقہ محکموں کی غیر موجودگی کے باعث کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بعد ازاں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوائی اور کھدائی جاری رکھی۔

مشتعل شہریوں نے نیپا چورنگی سے حسن سکوائر اور دیگر اہم راستے بند کر دیے ۔سندھ حکومت نے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے ریسکیو ٹیموں اور کے ایم سی عملے کو فوری طور پر الرٹ کرنے اور بچے کو جلد تلاش کرنے کی ہدایت دی۔خیال رہے کہ اس سال کراچی میں 24 افراد کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 5 بچے شامل ہیں۔