پاکستان میں بدترین سیلابی تباہی، یورپی یونین کی جانب سے مزید 30 لاکھ یورو کی ہنگامی امداد

اسلام آباد(رم نیوز)یورپی یونین نے پاکستان میں حالیہ مون سون سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کے لیے مزید 30 لاکھ یورو کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے، جو بنیادی طور پر پنجاب کے ان علاقوں میں خرچ کی جائے گی جہاں تباہی سب سے زیادہ ہوئی۔ یہ رقم نقد معاونت کی صورت میں فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان فوری ضرورتیں پوری کر سکیں۔

یورپی یونین اس سے قبل بھی ستمبر میں 10 لاکھ 50 ہزار یورو جاری کر چکی ہے، جو صحت، صاف پانی اور صفائی جیسی ضروری سہولیات پر استعمال ہوئے۔ رواں سال کی شدید بارشوں کے باعث ملک بھر میں تقریباً 70 لاکھ افراد متاثر جبکہ 29 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے، ایک ہزار سے زیادہ اموات اور لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی و گھروں کو نقصان پہنچا۔

یورپی حکام کے مطابق پنجاب کو 40 سال بعد بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا رہا، اور نئی امداد پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کی یکجہتی کی علامت ہے۔ اس اضافی رقم کے بعد رواں سال پاکستان کے لیے یورپی یونین کی مجموعی امداد ایک کروڑ 45 لاکھ یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔