اسلام آباد(رم نیوز)خصوصی افراد کے عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق و وقار کے تحفظ اور انہیں تعلیم، صحت، روزگار اور نقل و حرکت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ معاشرہ وہی ہے جہاں ہر فرد کو یکساں مواقع میسر ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ قومی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر خصوصی افراد کے حقوق کے قوانین، سہولتی آلات، ملازمتوں میں کوٹہ، تربیتی پروگرام اور آسان رسائی جیسے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے جہاں خصوصی افراد باعزت اور مؤثر طریقے سے قومی زندگی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔