حکومت عوامی مسائل سے لاتعلق، اہم فیصلے طاقت کی بنیاد پر ہو رہے ہیں: اسد عمر

لاہور(رم نیوز)سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک کی معاشی صورتحال، سیاسی کشیدگی اور امن و امان کی بگڑتی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے غافل ہے اور اہم ریاستی فیصلے طاقت کے مراکز میں تقسیم کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ صدرِ مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 243 اور آرمی ایکٹ کی شق 8 اے کے تحت کی جانے والی حالیہ ترامیم کا عوامی مفاد سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق یہ تبدیلیاں ملک کے طاقت کے ڈھانچے میں ردوبدل سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال بدترین شکل اختیار کر چکی ہے، معیشت "بالکل بیٹھ چکی ہے" اور وزیراعظم شہباز شریف نے ساڑھے تین سال بعد نئی معاشی کمیٹیاں تشکیل دے کر دراصل اپنی معاشی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اسد عمر نے دعویٰ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے، بھارت کو مئی میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ امریکی کانگریس کی رپورٹ نے بھی پاکستان کے مؤقف کی تائید کی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندرونی حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 15 سال بعد دہشت گردی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سیاسی کشیدگی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ایک صوبے میں گورنر راج کی دھمکیوں کا ذکر سامنے آ رہا ہے۔