بدعنوانی اداروں کی کمزوری اور عوامی اعتماد میں کمی کا سبب ہے، صدرِ مملکت

اسلام آباد(رم نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بین الاقوامی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرپشن اداروں کو کمزور اور عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے، اس لیے بدعنوانی کے خلاف جدوجہد پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 2003 میں انسدادِ بدعنوانی کا دن اس مقصد کے لیے مقرر کیا کہ معاشرے شفافیت، قانون کی بالادستی اور اچھی حکمرانی کی طرف بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ترقی کی رفتار کو سست اور قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتی ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وقت کے ساتھ اپنے احتسابی نظام کو بہتر بنایا ہے، مختلف کیسز میں رقوم اور اثاثے واپس لے کر متاثرہ شہریوں اور اداروں کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتسابی ادارों کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ شفافیت کے ذریعے اداروں کی ساکھ مضبوط ہو سکے۔

صدر نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد صرف ایمانداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار سے بڑھتا ہے، اس لیے ہر شہری کو اچھی حکمرانی اور دیانت داری کے عزم کو مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے شفافیت اور احتساب کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔