اقوام متحدہ کا آپریشن سندور پر بھارت سے جواب طلب، عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار

نیویارک(رم نیوز)اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھارت کے فوجی اقدام آپریشن سندور پر وضاحت طلب کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے پر نیک نیتی کے ساتھ عمل کرے۔

خصوصی رپورٹ کے مطابق 7 مئی 2025 کو بھارت نے پاکستان کی حدود میں طاقت کا استعمال کیا، جس کی سلامتی کونسل کو بروقت اطلاع نہیں دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی حملوں کے دوران شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، مساجد کو نقصان پہنچا اور شہری ہلاکتیں ہوئیں۔اقوام متحدہ کے ماہرین نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے ریاستی کردار کے ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا، جبکہ پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کے نام پر یکطرفہ فوجی کارروائی کا کوئی تسلیم شدہ قانونی جواز نہیں اور ایسے اقدامات خطے میں بڑے تصادم کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق بھارتی اقدامات پاکستان کی خودمختاری اور عدم مداخلت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔