پشاور(رم نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی کے علاوہ چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی شرکت کریں گے۔
کابینہ اجلاس کے لیے سات نکاتی مختصر ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں لوکل گورنمنٹ کے تحت اسٹریٹ وینڈرز کی مستقلی کی تجویز شامل ہے۔ اجلاس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے ’’ڈیجیٹل پیمنٹ بل 2025‘‘ کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔ایجنڈے کے دیگر نکات میں قبرستانوں کے لیے اراضی کے حصول سے متعلق نان اے ڈی پی سکیم، مالی سال 2025-26 کے دوران صوبوں کے درمیان مالی ذمہ داریوں پر مفاہمتی یادداشت اور خیبرپختونخوا میں نئے ضلع ’’اپر سوات‘‘ کے قیام کی منظوری شامل ہے۔