اسلام آباد (رم نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کے ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی ہے۔یہ منظوری اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے بعد دی گئی جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ وزارت قانون و انصاف نے انہیں باضابطہ طور پر ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ڈگری کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بطور ایڈیشنل اور مستقل جج تعیناتی کالعدم قرار دی تھی۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ وہ تقرری کے وقت قابلِ قبول ایل ایل بی ڈگری کے حامل نہیں تھے، جس کے باعث انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا۔