کراچی(رم نیوز)کاٹن ایئر 2025-26 میں سندھ کی کپاس کی پیداوار پنجاب کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، حالانکہ سندھ کا پیداواری ہدف پنجاب کے مقابلے میں 37 فیصد کم تھا۔
فیڈرل کمیٹی آن ایگریکلچر کے مطابق پنجاب میں 34 لاکھ 60 ہزار ایکڑ پر کپاس کی کاشت اور 55 لاکھ 53 ہزار گانٹھوں کی پیداوار ہدف مقرر تھا، جبکہ سندھ میں 15 لاکھ 56 ہزار ایکڑ پر کاشت اور 40 لاکھ 40 ہزار گانٹھوں کی پیداوار ہدف تھا۔ 15 دسمبر تک ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 24 لاکھ 53 ہزار جبکہ سندھ میں 28 لاکھ 48 ہزار گانٹھیں پیدا ہوئیں۔
چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن احسان الحق نے بتایا کہ ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں مجموعی پیداوار ایک فیصد اضافے کے ساتھ 53 لاکھ گانٹھوں کے برابر پہنچی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں پیداوار پچھلے سال کے مقابلے میں 5 فیصد کم جبکہ سندھ میں 3 فیصد زائد رہی۔