واشنگٹن(رم نیوز)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں امن و امان کے قیام سے متعلق مجوزہ منصوبے کا حصہ بننے یا اس پر غور کرنے کی پیشکش کی ہے، جس پر امریکا پاکستان کا شکرگزار ہے۔پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں مارکو روبیو نے بتایا کہ پاکستان سمیت دیگر چند ممالک نے غزہ میں فوجی دستے بھیجنے کے معاملے پر بعض وضاحتیں اور سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سوالات کے جواب دیے جانے کے بعد ہی کسی ملک سے باضابطہ طور پر غزہ امن منصوبے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی جا سکے گی۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کئی ایسے ممالک موجود ہیں جو اس تنازع میں شامل تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہیں اور جو آگے بڑھ کر غزہ اسٹیبلائزیشن فورس کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا غزہ میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے عالمی برادری کے تعاون کو اہم سمجھتا ہے۔