لاہور(رم نیوز)پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند چھا جانے کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹرویز پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے اور کئی مقامات سے موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ انٹرچینج تک جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں، موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر اور موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک تا حکمِ ثانی بند رہیں گی۔
حکام نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو ظاہر پیر سے روہڑی تک بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی معطل کر دی گئی ہے، جبکہ قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کی صورت میں محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔