راولپنڈی میں دفعہ 144 میں توسیع

راولپنڈی(رم نیوز)امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی میں دفعہ 144 میں ایک بار پھر توسیع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران شہر بھر میں جلسے، جلوس اور ریلیوں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی، اور چار سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔