اسلام آباد(رم نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی پشت پناہی میں دہشت گرد پاکستان میں معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ برداشت عمل ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی، قومی سلامتی، درپیش چیلنجز، جنگی تیاریوں، علم کی اہمیت اور عالمی سطح پر پاکستان کے ابھرتے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
کانفرنس میں ملک بھر سے تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ نے شرکت کی۔ فیلڈ مارشل نے قرآنِ کریم کی آیات اور اشعار کے حوالے دیتے ہوئے پاکستان کے نظریاتی تشخص اور ریاستی مؤقف کو واضح کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلامی ممالک میں پاکستان کو محافظِ حرمین کا شرف عطا کیا، ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کے درمیان گہری مماثلت اور نظریاتی ربط ہے، دونوں ریاستوں کا قیام کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے دوران اللہ کی خصوصی مدد کو محسوس کیا گیا، اور یہ بات واضح ہے کسی بھی اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان یا فتویٰ صرف ریاست کا اختیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث عناصر کی بڑی تعداد افغانستان سے آتی ہے، جن میں تقریباً 70 فیصد افغان شہری شامل ہیں۔ افغانستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فتنہ الخوارج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتا ہے یا پاکستان کے ساتھ۔آخر میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ وہ قومیں جو اپنے اسلاف کی علمی و فکری میراث اور قلم کی طاقت کو ترک کر دیتی ہیں، تاریخ میں زوال کا شکار ہو جاتی ہیں